پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا

Pakistan,Foreign office,India,Modi
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا۔ بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کے خلاف ناروا سلوک اور دہشت گردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان میں تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہونے اور دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کیخلاف ناروا سلوک اور دہشت گردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور اپنے ہی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا اور اب مودی کے حواری جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا بھارت من گھڑت الزامات سے جھوٹ کو حقیقت میں تبدیل نہیں کر سکتا اور ایسی مایوس کن کوششیں بھارت کی ملکی اور خارجہ پالیسی کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ 

ترجمان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے اور اپنے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ سے ایک ذمہ دار ملک کا راگ الاپنے کی کوشش کرنے والے بھارت کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچے گا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے مودی سرکار پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی کے استعمال سے گریز کرے۔