قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش پہنچ گئی

قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش پہنچ گئی

ڈھاکہ : پاکستانی کرکٹ ٹیم دبئی سے بنگلہ دیش پہنچ گئی ۔ قومی کرکٹ ٹیم کو ائرپورٹ سے ہوٹل لے جایاگیا ہے جہاں ان کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے ۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم دبئی سے بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ پہنچ گئی ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم اور سٹاف کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر  کھلاڑی اتوار کو پریکٹس کریں گے۔ 

   پی سی بی کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر شعیب ملک 16 نومبر کو بنگلہ دیش میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

یاد رہے کہ  پاکستانی ٹیم  نے منگل کو ڈھاکا پہنچنا تھا لیکن سیمی فائنل میں شکست کے بعد اب قومی سکواڈ تین دن پہلے ہی ڈھاکا پہنچ گیا ہے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے   بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کیا  ہے۔ سیریز کے تینوں میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔

بنگلہ دیش کے خلاف نوجوان بلے بازوں حیدر علی اور خوشدل شاہ کے علاوہ ان فارم بیٹسمین افتخار احمد کو مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دورے میں شامل دو ٹیسٹ میچز کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کے علاوہ تمام ٹیم منیجمنٹ کو بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.

 پاکستان کے ٹی 20 سکواڈ میں کپتان  بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، آصف علی ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف ,حسن علی،   افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی، شعیب ملک اور عثمان قادر شامل ہیں۔