حسن علی میرا کیچ پکڑ لیتے تب بھی فتح ہماری ہوتی: میتھیو ویڈ

حسن علی میرا کیچ پکڑ لیتے تب بھی فتح ہماری ہوتی: میتھیو ویڈ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کو فتح دلانے والے میتھیو ویڈ کا کہنا ہے کہ حسن علی اگر میرا کیچ ڈراپ نہ کرتے تب بھی فتح کا مشن مکمل کر لیتے۔ 

آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ آخری 2 اوورز سے قبل ہی کھیل کا پانسہ ہمارے حق میں پلٹ گیا تھا، میں اس بارے میں یقینی طورپر نہیں کہہ سکتا کہ میرا کیچ پکڑے جانے کے بعد جیت حاصل نہیں ہو سکتی تھی کیونکہ میرے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والے پیٹ کومنز اور کریز پر پہلے سے موجود مارکوس سٹوئنس بھی فتح کا مشن مکمل کرسکتے تھے۔

واضح رہے کہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے میتھیو ویڈ اور مارکوس سٹوئنس کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ 

حسن علی کی اس میچ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی جنہوں نے 4 اوورز میں 44 رنز دیئے اور انتہائی اہم موقع پر میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کر دیا جنہوں نے بعد میں شاہین شاہ آفریدی کو لگاتار تین گیندوں پر تین چھکے لگا کر آسٹریلیا کو جیت دلا دی۔