ویرات کوہلی دیگر 2 فارمیٹس کی کپتانی بھی چھوڑ دیں، شاہد آفریدی کا مشورہ

ویرات کوہلی دیگر 2 فارمیٹس کی کپتانی بھی چھوڑ دیں، شاہد آفریدی کا مشورہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ویرات کوہلی کو ٹی 20 کی طرح دیگر فارمیٹس کی کپتانی بھی چھوڑنے کا مشورہ دیدیا ہے۔ 
شاہد آفریدی نے روہت شرما کو بھارتی ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کئے جانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور شاٹ سلیکشن ان کی خصوصیت ہے جبکہ میدان میں وہ پرسکون اور جارحانہ انداز کا بہترین امتزاج ہیں اور میں ان کے دونوں انداز دیکھ چکا ہوں۔ 
سابق کپتان نے کہا کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں دکن چارجرز کی ٹیم میں روہت شرما کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا، وہ بہترین شاٹ سلیکشن رکھنے والے کھلاڑی ہیں اور ضرورت پڑنے پر مطمئن رہنے کیساتھ ساتھ جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت پڑنے پر ایسا ہی کرتے ہیں، میں ان کے دونوں انداز دیکھ چکا ہوں۔ 
انہوں نے اس موقع پر ویرات کوہلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی کو بطور کھلاڑی اپنے کیرئیر کو آگے بڑھانا چاہئے اور اس مقصد کیلئے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے بھی دستبردار ہو جانا چاہئے کیونکہ کپتانی کوئی آسان کام نہیں ہے۔