تربت میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 جوان شہید

تربت میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 جوان شہید
کیپشن: تربت میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 جوان شہید
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: بلوچستان میں دو مختلف واقعات کے دوران دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے مزید تین جوان وطن پر قربان ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ تربت میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں سپاہی رمضان اور لانس نائیک لیاقت اقبال شامل ہیں جبکہ سپاہی رمضان کا تعلق سرگودھا اور لانس نائیک لیاقت اقبال کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے ہے۔

بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے سپاہی انعام اللہ شہید ہو گئے۔ سپاہی انعام اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز ملک دشمن عناصرکوشکست دینے کیلئے پرعزم ہے اور بلوچستان میں امن واستحکام اور ترقی کاعمل متاثرہونے نہیں دینگے۔