وزیر اعظم نے ایران سے 100 میگاواٹ بجلی درآمد کرنیکی منظوری دیدی

وزیر اعظم نے ایران سے 100 میگاواٹ بجلی درآمد کرنیکی منظوری دیدی

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت توانائی کے حکام نے پورٹ قاسم، نیلم جہلم، تربیلا فور کی ٹرانسمشن لائنز کے پراجیکٹس کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ حکام کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کی ٹرانسمشن لائن 31 اکتوبر سے قبل مکمل ہو جائے گی جبکہ نیلم جہلم اور تربیلا فور کی ٹرانسمشن لائنز بھی جلد مکمل ہو جائیں گی۔

حکام نے بتایا کہ چترال میں بجلی کی فراہمی کیلئے 5 ارب 10 کروڑ کے منصوبے تیار ہیں۔ منصوبوں کا پی سی ون منصوبہ بندی اور منظوری کے مرحلے میں ہے۔

وزیر اعظم نے وزارت توانائی اور پیسکو کو ہدایت دی کہ پی سی ون کو جلد منظور کرایا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایران 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی میں دلچسپی رکھتا ہے جس کے لئے ٹرانسمشن لائن اور گرڈ سٹیشنز قائم کرنا ہونگے۔ یہ درآمد شدہ بجلی مکران ڈویژن اور گوادر پورٹ کے انڈسٹریل ایریا کی ضروریات پوری کرے گی۔

وزیر اعظم نے ایران سے 100 میگاواٹ اضافی بجلی درآمد کرنے کی منظوری دیتے ہوئے مکران ڈویژن کو نیشنل گرڈ سے ملانے کیلئے ٹرانسمشن لائن پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں