'کسی بھی مذہب کا ہو لیکن وردی پہننے کےبعد پاکستانی سپاہی ہوتا ہے‘

'کسی بھی مذہب کا ہو لیکن وردی پہننے کےبعد پاکستانی سپاہی ہوتا ہے‘

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فوج میں پابندی نہیں کہ اس میں خاص مسلک کے لوگ آئیں گے پاک فوج میں عیسائی، ہندو اور سکھ بھی ہیں۔ کوئی بھی جب فوج میں آتا ہے اور وردی پہنتا ہے تو وہ صرف پاکستان کا سپاہی ہوتا ہے اس سے قطع نظر کے اس کا تعلق کس مذہب اور کس صوبے سے ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ملکی سیکیورٹی اور معیشت کا گہرا تعلق ہے اگر ملکی حالات ٹھیک نہ ہوں تو معیشت متاثر ہوتی ہے۔ ملکی معیشت اگر بری نہیں تو زیادہ اچھی بھی نہیں اور مل بیٹھ کر ملکی معیشت پر بات چیت کی ضرورت ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملکی سیکیورٹی معاملات کو دیکھتی ہے اور متعدد ممالک نے دہشت گردی کے خلاف گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ دہشتگردوں کو معلوم ہوچکا ہے کہ وہ پاکستان آ کر چھپ نہیں سکتے۔

یاد رہے کہ گذشتہ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے کہا تھا کہ پاکستان میں فوج سمیت کسی بھی محکمے میں اعلی عہدوں میں بیٹھے ہوئے احمدی ملک کے لیے خطرہ ہیں اس لیے اُنھیں فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دینا چاہیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں