مسلم لیگ سارا سی پیک بیچنے جا رہی تھی ، شیخ رشید کا الزام

مسلم لیگ سارا سی پیک بیچنے جا رہی تھی ، شیخ رشید کا الزام

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے آج نیب عدالت کے باہر ہونے والی  ہنگامہ آرائی کے بعد کہا کہ  مسلم لیگ ن  کی قسمت خراب ہے ۔اللہ نے ان کی عقل پر پردہ ڈال دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے کے بعد میرا یقین پختہ ہوتا جارہا ہے کہ اللہ نے ان کی عقل پر پردہ ڈال دیا ہے۔یہ نظام اس طرح مزید نہیں چل سکتا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس عظمت نے کہا کہ خدا کے واسطے کوئی تو کاغذ لاؤ۔اسحاق ڈار آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی میٹنگ میں جا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سارا سی پیک بیچنے جا رہی تھی ۔

یاد رہے کہ آج  مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر  ایک بار پھر بد نظمی دیکھنے میں آئی۔جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اور وکلا کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور اس دوران ایک وکیل زخمی بھی ہوگیا۔ وکلا نے الزام لگایا کہ انہیں پولیس نے عدالت جانے سے روکا اور ڈنڈے برسادیئے جس کےباعث ان کے ساتھی وکیل کا سر پھٹ گیا جسے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

 واقعے کے بعد وکلا کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے پاس پہنچ گئی اور  مطالبہ کیا کہ ہم پر تشدد کیا گیا ہے جس کا ازالہ کیا جائے تاہم احتساب عدالت کے جج نے وکلا پر ہونے والے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ آئی جی اسلام آباد وکلا پر تشدد کے واقعے کی انکوائری کریں۔