پاکستان امریکا کیساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان امریکا کیساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ نے بتایا امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر پاک فوج نے آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا جنہیں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔ اگر انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ممکن ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال کے باعث خطے میں مخصوص حالات ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے لئے ہر قسم کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ہمارا ایجنڈا مشترکہ دشمن کو شکست دینا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت، افغان سرزمین کے استعمال سے پاکستان میں دہشت گردی کا موجب ہے جب کہ چار ملکی گروپ اور قلب ایشیا کانفرنس سمیت پاکستان نے ہر فورم کی حمایت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبروں کا معاملہ بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے جب کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی مایوس کن ہے۔ یورپی یونین انسانی حقوق کی علمبردار ہے اور بھارتی مظالم پر اس کی خاموشی تشویشناک ہے۔

ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا جلد از جلد حل خطے میں دیرپا امن کے لئے اہم ہے اور اقوام متحدہ دیرینہ مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کے جھوٹے اور گمراہ کن الزامات لگاتا ہے جبکہ بھارت کی منفی پروپیگنڈہ مہم کا تعلق کسی اور ملک سے نہیں پاکستان سے ہے۔ بھارتی الزامات کا مقصد کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو بدنام کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کے دورے پر ہے جب کہ وفد کی وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ایس سی او رابطہ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں شرکت کی جب کہ ان کے دورہ روس میں روسی حکام سے ملاقاتیں اچھی رہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں