عقیدہ ختم نبوت پر کامل ایمان کے بغیر کوئی عبادت قبول نہیں : ساجد میر

عقیدہ ختم نبوت پر کامل ایمان کے بغیر کوئی عبادت قبول نہیں : ساجد میر


لاہور: مذہبی رہنما پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پر کامل ایمان لائے بغیر کوئی عبادت بھی قبول نہیں ہوتی۔صرف نمازیں پڑھنے سے یا اذانیں دینے سے قادیانی مسلمان نہیں بن جاتا۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قادیانی منکر ختم نبوت کی بنیاد پرکافر ہیں، جس کی گواہی ہمارے دین اور آئین دونوں میں موجودہے۔رانا ثنا اللہ دینی معاملات پر لب کشائی سے پرہیز کریں۔ اہل حدیثوں سے بڑھ کر عقیدہ ختم نبوت کا محافظ اور داعی کوئی اور نہیں ہو سکتا ،ہم شرک فی اللہ کے بھی باغی ہیں اور شرک فی الرسالت ﷺ کے بھی باغی ہیں ، ہمیں کوئی ختم نبوت کا سبق نہ پڑھائے۔


ساجد میر نے کہا کہ آج مذہب کے نام پر بعض لوگ گالی کی سیاست کو رواج دے رہے ہیں ۔ ہم دین مصطفی ﷺ کی خاطر ہر تکلیف گوارا کرسکتے ہیں مگر کسی کوجھوٹے فتوے لگانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے ۔ ایک سیٹ کیا درجنوں سیٹیں حتی کہ ہماری جانیں بھی آقا ﷺ کی حرمت پر قربان ،اپنے مسلک اور جماعت کے وقار پر کوئی آنچ برداشت نہیں کریں گے۔اہل حدیث کا بچہ بچہ ختم نبوت کی چوکھٹ کا محافظ ہے۔