ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی یوجین رشتہ ازدواج میں منسلک

ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی یوجین رشتہ ازدواج میں منسلک

لندن: ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی یوجین ایک پُرقار تقریب میں رشتہ ازواج سے منسلک ہوگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق شاہی خاندان میں رواں برس ہونے والی یہ شادی کی دوسری تقریب تھی۔ اس سے قبل شہزادہ ہیری کی شادی کی بھی باوقار تقریب اسی جگہ منعقد ہوئی تھی۔ شادی کی تقریب کے لیے ملکی و غیرملکی 850 شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔

سینٹ جارج چیپل کو خوبصورت اور دیدہ زیب پھولوں سے سجایا گیا، شہزادی نے روایتی سفید لباس زیب تن کر رکھا تھا جسے معروف ڈیزائنر پیٹر پیلوٹو اور کرسٹوفر ڈی وس نے خصوصی طور پر تیار کیا تھا۔ شہزادی سر پر ایک خوبصورت تاج سجائے ہوئی تھیں تاہم اُن کی مسکراہٹ تاج کی چمک و دمک سے زیادہ واضح اور نمایاں تھی۔

شاہی خاندان سمیت متعدد اہم شخصیات کی شرکت 

اس موقع پر دلہن اور دلہا کی خوشی دیدنی تھی۔ ڈین آف ونڈسر ڈیوڈ کونر نے نئے جوڑے سے عہد و پیماں لیا۔ پُرتعیش کھانوں اور خصوصی طور ہر تیار کیے گئے کیک سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ نوبیاہتا جوڑا روایتی انداز سے بگھی میں بیٹھ کر عوام کے درمیان سے گزرا جہاں سیکڑوں لوگ نئے جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے منتظر تھے۔

 شہزادی یوجین شادی کے بعد سسرال جاتے ہوئے 

28 سالہ شہزادی یوجین ملکہ ایلزبتھ کی تیسری اولاد برطانوی شہزادہ اینڈریو اور شہزادی سارہ کی چھوٹی صاحبزادی اور شاہی تخت کی نویں امیدوار ہیں۔ یوجین لندن کی آرٹ گیلری ہوسر اینڈ ورتھ کی ڈائریکٹر بھی ہیں اور سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

شادی کی تقریب بڑے کلیسا میں انجام پائی 

شہزادی یوجین نے روایت کے برخلاف ایک عام شہری سے شادی کی۔ شہزادی کے جیون ساتھی 32 سالہ جیک بروکس بینک متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے والد ایک اکاؤنٹنٹ تھے۔ یوجین اور جیک بروکس بینک کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ 7 سال قبل شروع ہوا تھا جو آج شادی کے بندھن میں بدل گیا۔

دلہن کا ایک منفرد انداز 

شہزادی یوجین اور جیک بروکس بینک پہلی مرتبہ سوئٹزرلینڈ کے ایک تفریح مقابلے میں ملے تھے بعد ازاں دونوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ نیویارک میں جاری رہا جہاں شہزادی یوجین مقیم تھیں۔ شاہی خاندان نے دونوں کی شادی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔