بالائی علاقوں کے علاوہ ملک بھر میں موسم خشک رہنے کا امکان

بالائی علاقوں کے علاوہ ملک بھر میں موسم خشک رہنے کا امکان
کیپشن: فوٹو اے پی پی

اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا درجہ حرارت کم سے کم 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا تاہم غروب آفتاب کے بعد درجہ حرارت میں مزید کمی آ سکتی ہے جس سے خنکی میں اضافہ ہوگا۔پنجاب کے اکثر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم ڈیرہ غازی خان میں سب سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور ملتان کا درجہ حرارت بالترتیب 31، 30، 32 اور 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

 
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے کسی بھی ضلع میں بارش کا امکان موجود نہیں ہے۔ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔خیبر پختونخوا میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم چند علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ گرم ترین مقامات رہیں گے جہاں کا کم سے کم درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے کسی بھی ضلع میں آئندہ دو روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور موسم بھی زیادہ تر گرم ہی رہے گا۔

کراچی کا درجہ حرارت ہفتہ کے روز زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جب کہ سکھر، حیدر آباد، میرپور خاص اور لاڑکانہ کا درجہ حرارت بالترتیب 36، 37، 38، اور 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔