وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنائی اور صدر ڈاکٹر حسن روحانی سمیت ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقاتوں کے دوران خلیج میں امن وسلامتی سے متعلق امور سمیت دوطرفہ معاملات اور اہم علاقائی تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے اقدامات کا حصہ ہے۔ دورے میں وزیراعظم عمران خان ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی سمیت اعلیٰ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ہفتے کو دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایرانی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران خلیج میں امن و سلامتی سے متعلق امور کے علاوہ اہم علاقائی پیشرفتوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔یہ وزیراعظم عمران خان کا رواں سال کے دوران ایران کا دوسرا دورہ ہوگا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں ستمبر 2019 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر بھی ایران کے صدر کے ساتھ ملاقات کی تھی۔دورہ ایران سے واپسی کے بعد وزیراعظم عمران خان منگل کو سعودی عرب بھی جائیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا پہلا مقصد ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایرانی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایران کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا پیغام پہنچایا ہے۔