27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، مولانا فضل الرحمان

 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، مولانا فضل الرحمان
Image Source: File Photo

پشاور:  مولانا فضل الرحمان  نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں اور اگر ہمیں چھیڑا گیا تو پھر وہ گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔


تفصیلات کے مطابق ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں جے یو آئی کے کنونشن سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کے تمام ادارے اگر آئین کی پاسداری کریں گے تو پھر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا۔

 

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکا ڈالے گا اس کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ کچھ لوگ ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں نہ چھیڑا جائے، اگر ہمیں چھیڑا گیا تو پھر آپ گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے، تبدیلی والوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن 20 لاکھ بے روزگار کردیئے۔ یہ پہلے مرغیاں پھر بھینسیں اور اب لنگر خانے سے ملک کی معیشت ٹھیک کررہے ہیں۔ ہمیں اپنے ملک اور ملک کی معیشت کو بچانا ہے۔

 

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ ہم بھی 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے بعد قافلے پھر اسلام آباد روانہ ہوں گے۔