امریکا اور کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران کمی

امریکا اور کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران کمی

اسلام آباد: شمالی امریکا کے ممالک امریکا اور کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران کمی جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراگست2020 تک کی مدت میں امریکا اورکینیڈا کو 716.636 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6.18 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے دومہینوں میں شمالی امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 760.96 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مالی سال 2019-20 میں دونوں ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 4.169 ارب ڈالررہاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے دومہینوں میں ان ممالک سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔

جولائی سے لیکراگست2020 تک کی مدت میں امریکا اورکینیڈا سے درآمدات کاحجم 371.93 ملین ڈالررہا۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دومہینوں میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 289.88 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مالی سال ل 2019-20 میں دونوں ممالک سے 2.591 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

دوسری جانب خیال رہے کہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں میں بتدریج تیزی آرہی ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق کووڈ 19سے پیداہونے والی صورتحال کے باوجود جاری مالی سال کے پہلے ماہ میں مینوفیکچرنگ سرگرمیوں میں جون کے مقابلے میں 9.5 فیصد بڑھوتری ریکارڈکی گئی، سالانہ بنیادوں پرمینوفیکچرنگ کی سرگرمیوں میں جولائی کے دوران 5.02 فیصد اضافہ ہوا۔

آئل کمپنیزایڈوایزری کمیٹی، وزارت صنعت وپیداوار اورصوبائی بیوروز برائے شماریات سے بالترتیب 11،36 اور65 اشیا بارے حاصل کردہ ڈیٹا کے مطابق جولائی 2020ءمیں ان اشیا کی بڑھوتری میں بالترتیب 1 ، 2.25 اور1.77 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا۔جولائی تااگست ملک میں سیمنٹ کی کھپت میں 21.78 فیصد اضافہ ہوا۔ اس عرصہ میں 8.258 میٹرک ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.863 میٹرک ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈکی گئی تھی۔سیمنٹ کی اندرون ملک کھپت میں 19.53 اور برآمدات میں 32.2 فیصد کانمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔بڑی صنعتوں کی پیداوار(ایل ایس ایم) کے 15 میں سے 12 بڑے شعبوں میں جولائی کے دوران 9.3 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے،جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں کوئلہ اورپیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 18.3 فیصد کانمایاں اضافہ ہوا۔

گزشتہ مالی سال کے آخری چھ مہینوں میں کوئلہ اورپیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں مسلسل کمی کارحجان دیکھنے میں آیاتھا۔وزارت خزانہ کے مطابق سالانہ بنیادوں پرمشروبات، تمباکو، فارماسوٹیکل، غیردھاتی معدنیات اورپیپراینڈبورڈ کی پیداوارمیں بھی بتدریج بہتری آرہی ہے۔اسی طرح آٹوموبائل کے شعبہ میں بھی بہتری آرہی ہے۔اگست 2020 میں کاروں کی فروخت میں 8.3 فیصد اوربسوں وٹرکوں کی فروخت میں بالترتیب 5 اور1.1 فیصد کااضافہ ہواہے۔