بابر اعظم رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بلے باز بن گئے

بابر اعظم رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بلے باز بن گئے

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے کارنامہ گزشتہ روز راولپنڈی سٹیڈیم میں سرانجام دیا۔ انہوں نے اس میچ میں 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

رواں سال 2020ء قومی کپتان بابر اعظم نے اب تک 942 رنز بنا لئے ہیں، برطانوی بلے باز ایلکس ہیلز 895 رنز بنا کر اس وقت دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ آسٹریلوی کھلاڑی مارکس سٹوئنس 809 رنز بنا چکے ہیں۔ خیال رہے کہ اس فہرست میں شعیب ملک کا نام بھی ہے جو 2020ء میں اب تک 703 رنز بنا چکے ہیں جبکہ محمد حفیظ نے 684 رنز سکور کیے ہیں۔؎

رواں سال کے اعدادوشمار پر بات کی جائے تو بابراعظم نے اب تک 2020ء میں ایک سنچری اور آٹھ نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔ ان کے پاس اسی سال ٹی ٹونٹی میچوں میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا ریکارڈ بھی ہے۔ وہ اب تک 108 چوکے لگا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں بابر اعظم نے کہا تھا کہ اپنی ذات کو اچھا بنانے کے لیے آپ خود کو چیلنج کریں۔ ہمیشہ بہتر انسان بننے کی جستجو میں رہیں تاکہ ہر ایک آپ کو پسند کرے۔ قومی ہیرو کی اس ٹویٹ کو ان کے مداحوں نے خوب پسند کیا۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے اس پیغام کو 11 ہزار سے زائد لائکس آ چکے ہیں۔ 

اس سے قبل ایک بیان میں بابر اعظم نے کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے بائیو سیکیورببل کے عادی ہو چکے ہیں۔ وبائی کے باوجود کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے۔ دباؤ ختم کرنے کے لیے ساتھی کھلاڑیوں سے گفتگو کرتا ہوں اور اپنی بیٹنگ آنے سے پہلے ڈریسنگ روم میں گپ شپ کرتا رہتا ہوں۔