صدر کا غیر روایتی جنگ جیسے نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر زور

صدر کا غیر روایتی جنگ جیسے نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر زور

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے قوم سے کہا ہے کہ وہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے مذہبی انتشار کے ذریعے غیر روایتی جنگ جیسے نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت جس کی پاکستان کیخلاف سازشوں اور اس کی معاشی کامیابیوں کو خراب کرنے کی ایک تاریخ ہے اور مذہبی انتشار پیدا کرنے سمیت مختلف ہتھکنڈوں سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی قوتوں کو حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی خاطر متحد ہو جانا چاہیے اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی بجائے ان کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں کلبھوشن یادیو جیسے جاسوسوں کے ذریعے مسائل پیدا کرنے کے ساتھ کراچی میں بھی بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت افغانستان میں بگاڑ پیدا کرنے کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے چین، سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال جیسے اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بھی مسائل ہیں۔ انہوں نے فارن پالیسی میگزین میں شائع ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔