کورونا کی دوسری ممکنہ لہر سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنانا ہوں گے، اسد عمر

کورونا کی دوسری ممکنہ لہر سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنانا ہوں گے، اسد عمر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری ممکنہ لہر سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنانا ہوں گے۔ وبا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد بہت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی حکام نے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بارے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ103  اضلاع میں 3497 مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیئے گئے ہیں۔ ٹی ٹی کیو سٹریٹجی کے تحت 52 فیصد کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت، قوم اور فریقین نے کورونا کے حوالے سے درست اقدامات اٹھائے ہیں۔ بروقت اقدامات سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے اور قیمتی جانیں بچانے میں کامیابی ملی۔ کورونا سے متعلق مثبت عوامی ردعمل نمایاں کامیابی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ قوم نے کورونا کے دوران ذمہ داری اور پختہ ذہنیت کا مظاہرہ کیا۔ شہریوں نے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد سے صحت عامہ کی حفاظت یقینی بنائی، انہوں نے کورونا کے دوران ملکی میڈیا کے ذمہ درانہ کردار پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم اور پاکستانی میڈیا کورونا کے خلاف کامیابی کے 2 اہم ستون ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کورونا وائرس کی دوسری ممکنہ لہر سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کورونا گائیڈ لائنز پر عملدرآمد اور ماسک کے استعمال پر زور دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کی کڑی نگرانی جاری ہے۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا مزید 8 مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حالیہ ہلاکتوں کے بعد پاکستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 588 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 531 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 19 ہزار 848 ہو گئی ہے۔ زیر علاج مریضوں کی تعداد 8 ہزار 651 ہے جبکہ 3 لاکھ 4 ہزار 609 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 264 اور سندھ میں 2 ہزار 556 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، ‏گلگت بلتستان میں 91 اور آزاد کشمیر میں 78 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب ایک لاکھ 892، صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 534، صوبہ خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 367، صوبہ بلوچستان میں 15 ہزار 541، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 955 ، آزاد کشمیر میں 3 ہزار 131 جبکہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 17 ہزار428 ہو گئی ہے۔

ادھر عالمی سطح پر کورونا وائرس کے نقصانات کی بات کی جائے تو اس وقت دنیا میں 10 لاکھ 85 ہزار 372 افراد ہلاک اور 3 کروڑ 80 لاکھ 40 ہزار 63 متاثر ہو چکے ہیں۔ اس موذی مرض سے صحتیاب افراد کی تعداد 2 کروڑ 85 لاکھ 98 ہزار 73 ہے جبکہ 83 لاکھ 56 ہزار 618 ایکٹو کیسز ہیں۔ امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے، جہاں 2 لاکھ 20 ہزار 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ امریکا میں 80 لاکھ 37 ہزار789 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ بھارت کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں 71 لاکھ 73 ہزار 565 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ایک لاکھ 9 ہزار 894 اموات ہوئی ہیں۔

برازیل کورونا سے متاثرہونے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں 51 لاکھ3 سے زائد افراد متاثر ہوئے اور ایک لاکھ 50 ہزار 709 اموات ہوئی ہیں۔ روس میں 13 لاکھ 14 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار 722 ہو گئی ہے۔ کولمبیا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے جہاں 27 ہزار985 اموات ہوئی ہیں جبکہ 9 لاکھ 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ارجنٹائن میں بھی 9 لاکھ3 ہزار730 افراد متاثر ہو چکے ہیں اور24ہزار186 اموات ہوئی ہیں۔ اسپین میں9لاکھ18 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ 32 ہزار124 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پیرو میں 8 لاکھ 51 ہزار 171 افراد متاثر اور 33 ہزار 357 ہلاک ہو چکے ہیں۔