وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا دوران ملاقات گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اور گہرے دو طرفہ تعلقات موجود ہیں۔ برطانیہ، پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ پاکستان اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ 

برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جس حکمت عملی سے کورونا کو روکنے میں کامیابی حاصل کی، وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا جبکہ اپنے حالیہ دورہ شمالی علاقہ جات سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے سیاحتی مقامات کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے آگے بڑھے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کیلئے کردار ادا کرے۔