بالی وڈ میں کچھ لوگ نشہ کرتے ہیں: اکشے

بالی وڈ میں کچھ لوگ نشہ کرتے ہیں: اکشے

کسی بھی انڈسٹری کی طرح انڈین فلم انڈسٹری میں بھی کچھ خامیاں ہیں جس کے بارے میں  بات کرتے ہوئے اداکار اکشے کمار نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
'میں بھرے دل کے ساتھ آج آپ سے بات کر رہا ہوں۔ گذشتہ کچھ ہفتوں سے میں کچھ کہنا چاہ رہا ہوں لیکن ہر طرف اتنی منفی سوچ ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آیا کہ کیا کہوں، کتنا کہوں اور کس سے کہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم ستارے تو کہلائے جاتے ہیں لیکن وہ آپ (ناظرین) ہیں جنہوں نے بالی وڈ کو وہ بنایا جو وہ ہے، اپنے پیار سے۔ ہم صرف ایک صنعت نہیں ہیں۔

فلموں کے ذریعے ہم نے انڈین ثقافت اور اقدار کو فروع دیا ہے۔ فلموں نے ملک میں لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے، چاہے وہ کسی نوجوان کا غصہ ہو، بدعنوانی ہو یا بے روزگاری۔ تو آج اگر آپ غصہ ہیں تو ہم وہ غصہ قبول کرتے ہیں۔

اکشے کمار کا کہنا ہے کہ سُشانت سنگھ کی موت کے بعد فلم انڈسٹری کے بہت سارے سچ سامنے آئے۔ انہوں نے بالی وڈ میں کچھ افراد کے نشہ کرنے کے مسئلے کا بھی ذکر کیا۔
واضح رہے کہ سُشات سنگھ کی موت کی وجوہات سے متعلق کئی قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔ ان پر نشہ کرنے کا بھی الزام لگایا گیا، جس کے بعد کچھ بالی وڈ اداکاروں کی نشہ کرنے پر تحقیقات بھی ہوئیں۔


اکشے کمار نے کہا کہ 'سُشانت سنگھ راجپوت کی اچانک موت کے بعد، بہت سے مسئلے سامنے آئے جنہوں نے ہمیں اتنی ہی تکلیف دی جتنی آپ کو دی۔


انہوں نے مزید کہا کہ 'ان مسائل نے ہمیں انڈین فلم انڈسٹری کی خامیوں پر غور کروایا جیسا کہ منشیات کے بارے میں اب بات ہو رہی ہے۔

بالی وڈ میں نارکوٹکس اور ڈرگز کا مسئلہ موجود ہے لیکن یہ کہنا کہ اس میں ہر کوئی ملوث ہے یہ درست نہیں ہوگا۔ ڈرگز کا مسئلہ قانونی ہے اور مجھے یقین ہے کہ جو بھی کارروائی ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے آج کررہے ہیں وہ صحیح ہوں گے۔ اس کے علاقہ انڈسٹری میں ہر کوئی تحقیقات کے لیے ان کے ساتھ تعاون کرے گا۔

اکشے کمار نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ہر فلم سٹار کو اس تنازعے میں نہ گھسیٹیں۔انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ کچھ مسائل کو ان کی حساسیت کے مطابق رپورٹ کریں۔


'میں نے ہمیشہ میڈیا کی طاقت پر یقین رکھا ہے۔ اگر ہمارا میڈیا صحیح وقت پر مسئلہ نہ اٹھائے تو بہت سے لوگوں کی نہ تو آواز سنی جائے گی نہ انہیں انصاف ملے گا۔ میں میڈیا پر بھروسہ رکھتا ہوں۔

میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی آواز اٹھانا جاری رکھیں لیکن حساسیت کے ساتھ کیونکہ ایک منفی خبر کسی انسان کی ساکھ تباہ کر سکتی ہے، جو اس نے بہت محنت کے بعد بنائی ہوتی ہے۔


ویڈیو کے اختتام پر انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ اگر وہ ان سے ناراض ہیں تو وہ اپنی خامیوں پر کام کریں گے اور ان کا بھروسہ اور پیار جیتیں گے۔
حال ہی میں سشانت سنگھ کیس میں منشیات استعمال کرنے کا زاویہ بھی سامنے آیا ہے جس کے بعد کنگنا رناوت نے اس سے متعلق دیگر بالی وڈ سٹارز کے اہم راز افشا کردیے ہیں۔


اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے بالی وڈ میں ایسے کئی اداکار دیکھے ہیں جو نشہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ میری عمر کے کئی اداکار اکیلے نشہ کرتے ہیں اور یہی وہ لوگ ہیں جو منشیات فروش ہیں اور سب کچھ منظم طریقے سے سنبھال رہے ہیں، ساتھ ہی ان کی بیویاں اس قسم کی پارٹیز کی میزبانی بھی کرتی ہیں۔


اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پارٹیوں میں ایک منفرد ماحول ہوتا ہے جہاں صرف نشہ کرتے اور دھوکے باز لوگ پائے جائیں گے۔
کنگنا رناوت نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کئی حکومتوں نے تو بالی وڈ ڈرگ مافیا کو چڑھانے میں خوب مدد بھی کی ہے اور یہ سب ایک دوسرے کو جانتے ہیں، دونوں ہی منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔


انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دوسری جانب ایسے بھی اداکار ہیں جوکھلے عام یہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ نشہ کرتے ہیں تاہم یہی وہ لوگ ہیں جو اقربا پروری کی تشہیر کرتے ہیں، بچپن سے نشے کے عادی ہوتے ہیں اور پھر سٹار اور ڈائریکٹر بن جاتے ہیں۔