لندن: نواز شریف کی ہائیڈ پارک واک نے ہنگامہ کھڑا کردیا

لندن: نواز شریف کی ہائیڈ پارک واک نے ہنگامہ کھڑا کردیا

لندن میں علاج کے لیے قیام پذیر سابق وزیراعظم نواز شریف کی جب بھی نئی ویڈیو یا تصاویر سامنے آتی ہیں تو پاکستان میں تو ہلچل مچ ہی جاتی ہے۔اور اس بار لندن پولیس میں بھی ان کی ہائیڈ پارک میں واک کی ویڈیوز نے ہلچل مچا دی ہے۔


چند روز قبل نواز شریف اپنے ساتھیوں سمیت لندن کے مشہور ہائیڈ پارک میں واک کے لیے گئے تو ان کے ہمراہ آٹھ افراد تھے جبکہ لندن میں کورونا لاک ڈاؤن کے تحت چھ سے زائد افراد کا اکھٹا ہونا منع ہے۔


ویڈیو کا سامنے آنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف میٹروپولیٹین پولیس کو ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شکایت پہنچا دی گئی کہ سابق وزیراعظم نے مقامی کورونا قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔


ریڈئینٹ نامی ٹویٹر صارف نے میٹروپولیٹن پولیس کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ یہ افراد’چھ افراد کے قاعدے‘ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ٹویٹر صارف نے نواز شریف کا نام اور ایڈریس بھی لکھ دیا۔


ٹویٹ کے جواب میں لندن پولیس نے صارف سے واقعے کی تفصیلات مانگ لیں۔ جس پر صارف نے پولیس کو پیغام بھیج کر تفصیلات مہیا کر دیں۔
اس کے جواب میں میٹروپولیٹن پولیس نے ٹویٹر صارف کو آگاہ کر دیا کہ مقامی پولیس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔