کرونا کے علاج کیلئے انتہائی سستی دوا منظر عام پر آگئی

کرونا کے علاج کیلئے انتہائی سستی دوا منظر عام پر آگئی

 ہانگ کانگ:معدے کے السر کے لیے عام استعمال ہونے والی ایک دوا نئے کورونا وائرس کی نقول بننے کے عمل کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔یہ بات ہانگ کانگ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی، جس کے مطابق جانوروں پر اس دوا کے استعمال سے کورونا وائرس کی نقول بننے کی روک تھام میں مدد ملی۔

ہانگ کانگ یونیورسٹی کی یہ تحقیق طبی جریدے نیچر مائیکرو بائیولوجی میں شائع ہوگی اور اس میں کورونا وائرس کے ایک نئے اور پہلے سے تیار علاج کی دستیابی کا بتایا گیا ہے۔محققین کے مطابق رینٹیڈائن بسمچ سٹریٹ (آر سی بی) نامی دوا کووڈ کے علاج میں اتنی ہی موثر ہوسکتی ہے جتنی ریمیڈیسور، اور وہ بھی بہت کم قیمت پر۔آر سی بی میں ایک جزو بسمچ ہوتا ہے، جس کے بارے میں محققین کا کہنا ہے کہ یہ انسانوں اور جانوروں کے کورونا وائرس سے متاث ہر خلیات میں وائرل لوڈ کو ایک ہزار فیصد تک کم کرسکتا ہے۔چوہوں پر اس کے تجربات کے دوران وائرل لوڈ کی سطح میں پہلے کے مقابلے میں نظام تنفس کی اوپری اور زیریں نالی میں سو فیصد تک کمی آئی جبکہ وائرس سے ہونے والے نمونیا پر قابو پانا ممکن ہوا۔

ہانگ کانگ یونیورسٹی کے ڈاکٹر ریومنگ وانگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آر سی بی کی افادیت کا موازنہ ریمیڈیسیور سے کیا جاسکتا ہے،یہ محفوظ اور کلینیکل ٹرائلز میں استعمال کے لیے تیار ہے۔