رانا ثنا اللہ کی گوجرانوالہ انتظامیہ کو جلسہ کی اجازت کیلئے کل تک کی ڈیڈ لائن

رانا ثنا اللہ کی گوجرانوالہ انتظامیہ کو جلسہ کی اجازت کیلئے کل تک کی ڈیڈ لائن
کیپشن: عمران خان نے اجازت کے بغیر جلسے کیے اور ن لیگ نے انہیں سہولت دی تھی، رانا ثنااللہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو جلسے کی اجازت دینے کے لیے کل تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل دوپہر تک ضلعی انتظامیہ ہمیں اجازت نہیں دیتی ہے تو پھر جلسہ جی ٹی روڈ پر ہو گا۔ عمران خان نے اجازت کے بغیر جلسے کیے اور ن لیگ نے انہیں سہولت دی۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اشرف انصاری کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے اور اس کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) اور گوجرانوالہ انتظامیہ کے درمیان پی ڈی ایم جلسے سے متعلق ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے تھے۔

مقامی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے انکار کے بعد اعلان کیا تھا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ جی ٹی روڈ پر ہوگا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے اپنا پہلا باضابطہ جلسہ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ دوسرا جلسہ کراچی میں 18 اکتوبر کو منعقد ہو گا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی پی ڈی ایم کے بینر تلے گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو ہونے والے جلسے میں شرکت کی حامی بھر لی ہے۔

اس حوالے سے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو جلسے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی تھی۔