کابینہ اجلاس میں گرما گرمی ،اندرونی خبر سامنے آگئی

کابینہ اجلاس میں گرما گرمی ،اندرونی خبر سامنے آگئی

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی برائے پیٹرو لیم  ندیم بابر پر شدید تنقید، شیخ رشید نے بھی وزیر اعظم کوہوشربا  مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کرنے کا مشورہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق   وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے وفاقی وزیر توانائی  عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر پر  شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  وزیر اعظم بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے منع کرتے ہیں ، عوام کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے لیکن وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی بابر ندیم  عوام دشمن فیصلے  ای سی سی اجلاس سے  منظور کروا لیتے ہیں جس سے حکومت کو سبکی  اور شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہوتے ہیں ۔

 کابینہ کے اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام آئے روز حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ۔ 

کابینہ اجلاس میں انڈوں کی قیمتوں میں اچانک اضافے کا بھی تذکرہ ہوا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ  اس سے قبل  شدید سردی میں انڈوں کی قیمت  120تا 130  روپے فی درجن سے  اوپر نہیں جاتی تھی تاہم اب رواں گرمی کے سیزن میں انڈے130 روپے تک فی درجن بک رہا ہے ۔ انڈہ مافیا کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔