کنگ خان کے بیٹے آریان خان کو آج بھی ضمانت نہ مل سکی

کنگ خان کے بیٹے آریان خان کو آج بھی ضمانت نہ مل سکی
کیپشن: کنگ خان کے بیٹے آریان خان کو آج بھی ضمانت نہ مل سکی
سورس: فائل فوٹو

ممبئی: منشیات استعمال کرنے اور رکھنے کے الزام میں گرفتار آریان خان کو 13 اکتوبر کو بھی ضمانت نہ مل سکی اور عدالت نے کوئی فیصلہ دیئے بغیر سماعت ملتوی کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممئی کی سیشن کورٹ میں ہونے والی سماعت میں نارکوٹکس فورس کے وکلا نے ایک مرتبہ پھر آریان خان کی ممکنہ ضمانت کی مخالفت کی اور عدالت نے کوئی فیصلہ دیئے بغیر 14 اکتوبر تک سماعت ملتوی کر دی۔

’ہندوستان ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دوران سماعت آریان خان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ نارکوٹکس فورس نے ان کے موکل کو کروز پارٹی کے دوران نہیں بلکہ راستے سے گرفتار کیا۔ آریان خان ابھی کروز میں داخل ہی نہیں ہوئے تھے کہ انہیں ان کے دوست ارباز مرچنٹ کے ہمراہ گیٹ پر روکا گیا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکلا کا کہنا تھا کہ نہ تو آریان خان نے منشیات استعمال کی اور نہ ہی ان کے پاس منشیات تھی البتہ ان کے دوست ارباز مرچنٹ نے دوران تفتیش 6 گرام چرس رکھنے کا اعتراف کیا ہے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق نارکوٹکس فورس کے وکلا نے آریان خان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت میں دعویٰ کیا کہ  اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے عالمی منشیات نیٹ ورک کا حصہ ہیں اور انہیں ضمانت نہ دی جائے۔

انسداد منشیات فورس کے وکلا کے مطابق انہوں نے آریان خان اور دیگر افراد کے بیانات کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دیگر 20 افراد کو بھی گرفتار کیا ہے اور ملزمان کے جیل میں ہونے سے کافی پیش رفت ہوئی ہے۔

نارکوٹکس وکلا کے دلائل ابھی مکمل نہیں ہوئے تھے کہ عدالت نے شام ہو جانے پر کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل 11 اکتوبر کو بھی آریان خان کی ضمانت درخواست پر سماعت نہ ہو سکی تھی اور انہوں نے 9 اکتوبر کو درخواست دائر کی تھی۔

سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرنے سے قبل آریان خان نے میٹروپولیٹن عدالت میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی مگر عدالت نے 7 اکتوبر کو ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

آریان خان کو گرفتار کئے گئے دوسرے ساتھیوں کے ہمراہ 8 اکتوبر کو 14 دن کے ریمانڈ پر ممبئی کے آرتھر جیل بھیجا گیا تھا جب کہ ان کے ہمراہ گرفتار کی گئی دو خواتین منمن دھمیچا سمیت دوسری خاتون کو عورتوں کے جیل بھیجا گیا تھا۔

واضح رہے کہ آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں 3 اکتوبر کو کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔