ورلڈ الیون کیساتھ یہ سیریز مسلسل 3 سال تک کھیلی جائے گی، نجم سیٹھی

ورلڈ الیون کیساتھ یہ سیریز مسلسل 3 سال تک کھیلی جائے گی، نجم سیٹھی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے غیر ملکی اخبار سے گفتگو میں پاکستان کے کرکٹ شائقین کو ایک اور خوشخبری سنائی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ورلڈ الیون ہر سال پاکستان کا دورہ کرے گی اور یہ سیریز مسلسل 3 سال تک کھیلی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم اکتوبر اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں آئے گی جب کہ اگلے سال ایک سے 2 بڑی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو آئندہ سالوں میں مزید بڑی ٹیمیں پاکستان آ سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2 سال پہلے بورڈ اس طرح کا رسک نہیں لینا چاہتا تھا لیکن اب دہشت گردی کے خلاف 90 سے 95 فیصد مقاصد حاصل کر چکے ہیں اس لیے ملک کی بہتر صورتحال عالمی برادری کو ہماری طرف متوجہ کرے گی۔

گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ورلڈ الیون اور قومی ٹیم کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ہوا جس میں شائقین کرکٹ نے انتہائی پرجوش انداز میں شرکت کی جب کہ ورلڈ الیون کا بھی شاندار استقبال کیا گیا۔ یاد رہے کہ ورلڈ الیون ٹیم میں غیر ملکی ٹیموں کے بڑے نام شامل ہیں اور ان کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں