بھارت سے بامعنی نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے تیار ہیں، زاہد حامد

بھارت سے بامعنی نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے تیار ہیں، زاہد حامد

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون وانصاف زاہد حامد نےسینیٹ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے بارے میں بھارت سے بامعنی نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔ امریکہ کو بھارت کے ساتھ اس کے دفاعی معاہدوں کے بارے میں تشویش سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ اس امرکا اظہار انہوں نے ایوان بالا میں بھارتی وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور دونوں ملکوں کے درمیان دستخط ہونے والے متعدد دفاعی معاہدوں یعنی ڈرون اور ایٹمی آبدوزوں کی خریداری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث سمیٹتے ہوئے کیا ۔

وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا جارہا ہے ۔ امریکہ کی آرمڈفورسز کی کانگریس کمیٹی کے چیئرمین حالیہ دورہ پاکستان میں بھارت امریکہ دفاعی معاہدوں اور پاکستان کے ساتھ امتیازی سلوک سے آگاہ کیا گیا ہے خطے میں دفاعی توازن پر یقین رکھتے ہیں بھارت اسلحہ کی دوڑ میں لگا ہوا ہے ۔ امریکہ کو تشویش سے آگاہ کیا گیا ۔ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے تیار ہیں ۔