شیخ رشید نے بھیس بدل کر ٹرینوں کو چیک کرنے کا اعلان کر دیا

شیخ رشید نے بھیس بدل کر ٹرینوں کو چیک کرنے کا اعلان کر دیا
کیپشن: بڑے بڑے بلڈرز نے محکمہ ریلوے کی زمین پر قبضہ کر لیا ہے، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بھیس بدل کر بھی ٹرینوں کو چیک کروں گا۔ بہت سی ٹرینیں اپ گریڈ ہونی ہیں اور ہم موہن جو دڑو تک ٹرین لے کر جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ محکمہ ریلوے میں زیرو ٹالرنس کرپشن کی پالیسی پر گامزن ہیں اور بڑے بڑے بلڈرز نے محکمہ ریلوے کی زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں اپنی سفارشات پیش کریں گے اور محکمہ ریلوے کی زمین واگزار کرانے کے لیے آرڈیننس جاری کرنے کی تجویز دوں گا۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ سی پیک پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ریلوے کا محکمہ 40 سے 42ارب روپے کے خسارے میں ہے جبکہ ہمارے پاس وسائل نہیں پھر بھی کام کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بہت سی ٹرینیں پرانی ہو گئیں جنہیں اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے اور 20 دن میں 2 ٹرینیں تیار کی گئی ہیں۔ مزدوروں نے دن رات کام کیا ہے اور انہیں پانچ، پانچ ہزار انعام دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کو مثالی بنانے کی کوشش کریں گے اس کے علاوہ ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمارا سب سے بڑا ٹاسک خسارے کو ختم کرنا ہے اور ریلوے کو ایک سال کے اندر خسارے سے نکالیں گے۔