امریکا میں فلورنس نامی سمندری طوفان آج امریکی ریاستوں سے ٹکرائے گا

امریکا میں فلورنس نامی سمندری طوفان آج امریکی ریاستوں سے ٹکرائے گا

واشنگٹن: سمندری طوفان ’فلورنس‘ کے باعث متاثرہ علاقوں سے 17 لاکھ افراد کو محفوظ مقام کی جانب منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ’فلورنس‘ نامی سمندری طوفان آج امریکی ریاستوں سے ٹکرائے گا اور طوفان کے پیش نظر ورجینیا، میری لینڈ، شمالی و جنوبی کیرولینا کے بعد ریاست جارجیا میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تقریباً 17 لاکھ افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ماہی گیروں کے سمندر میں جانے پر پابندی بھی لگادی گئی ہے-

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کیٹیگری 5 سے کیٹیگری 2 میں منتقل ہوگیا ہے، طوفان کی شدت میں کمی ہونے کے باوجود اس کا دورانیہ طویل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس کے نتیجے میں کئی ہفتوں تک مسلسل بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ 7 لاکھ 60 ہزار املاک کے مکمل طور پر تباہ ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔

مقامی انتظامیہ نے طوفان کی وجہ سے تباہی کی صورت میں 30 ارب ڈالرز کے نقصان کا اندیشہ  ظاہر کیاہے، دوسری جانب ریسکیو آپریشن کے لیے فوج کو بھی الرٹ کر دیا گیا -