تمام میٹرو بس منصوبوں کا آڈٹ کرایا جائے گا، فواد چوہدری

تمام میٹرو بس منصوبوں کا آڈٹ کرایا جائے گا، فواد چوہدری
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ہونے والے اہم فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے گرمیوں میں یوریا کھاد کے پلانٹ کو گیس کی سپلائی روک دی اور  گیس روکنے کے ساتھ یوریا ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی جس سے یوریا کی پیدوار میں کمی ہوئی اور اب ربیع کی فصل کے لیے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنی پڑے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے میٹرو بس منصوبوں پر آنے والی لاگت کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو پر 4.2 ارب روپے کی سبسڈی پنجاب حکومت دیتی ہے جبکہ ملتان میٹرو پر 2.1 ارب روپے سبسڈی دی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ تینوں میٹرو بس منصوبوں بشمول اسلام آباد، لاہور اور ملتان کو ملاکر پنجاب حکومت 8 ارب روپے سبسڈی دیتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سبسڈی روک دی جائے تو یہ پراجیکٹ آج ہی بند ہوجائیں گے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزارت کیڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے جب کہ سی ڈیاے کو وزارت داخلہ کے ماتحت کردیا گیا ہے، سی ڈی اے نے چند دنوں میں ہزاروں کینال زمین واگزار کرائی ہے اب سی ڈی اے کے آپریشن کو جاری رکھا جائے گا، 34 ہزار 60 کینال زمین کی نشاندہی ہوئی جسے کمرشل استعمال میں لایا جائے گا۔