ایشیا کپ کی تیاری، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس، بھارت سے ٹاکرے کے لیے تیار

ایشیا کپ کی تیاری، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس، بھارت سے ٹاکرے کے لیے تیار
کیپشن: image by facebook

دبئی: امتحان کی گھڑی نزدیک آ گئی، پاکستانی کرکٹرز ایشیا کپ کے لیے تیار ہوگئے، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس جاری ہے، پاکستان ایونٹ میں پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی دبئی کی آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں تیاریاں جاری ہیں، نئے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز فٹ اور با صلاحیت ہیں۔

ٹیموں کے لیے امتحان کی گھڑی نزدیک آ گئی ہے، میدان سجنے والا ہے، کھیل جمنے والا ہے، جلد ہی فیصلہ ہو جائے گا کہ ایشیا پر بادشاہت کس کی ہے، پاکستانی کرکٹرز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا جب کہ ایک ہفتے بعد روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا، شاہین اس کڑے امتحان کے لیے بھی تیار ہوچکے ہیں۔

کھلاڑیوں کی ٹریننگ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیرِ نگرانی جاری ہے، ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی بیٹنگ اور بولنگ میں خامیاں دور کیں، ٹریننگ میں کھلاڑیوں نے خود کو وارم اپ کیا۔

پاکستان ٹیم کے کھلاڑی بولنگ اور بیٹنگ کے علاوہ  فیلڈنگ میں بھی خوب جان مار رہے ہیں، نئے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کھلاڑیوں سے متاثر نظر آئے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں اور ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر 19 ستمبرکو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔