کشمیر میں کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا جائے، امریکی سینیٹرز کا ٹرمپ کو خط

کشمیر میں کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا جائے، امریکی سینیٹرز کا ٹرمپ کو خط
کیپشن: مواصلاتی نظام کی بحالی، کرفیو اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کیلئے مودی سے ملاقات کریں، امریکی سینیٹرز۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ امریکی میڈیا

واشنگٹن: مقبوضہ کشميرکی صورتحال پر چار امریکی سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مداخلت کیلئے خط لکھ دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف یہ خط سینیٹرز کرس سین ہولن، لنزے گراہم، بن یامین ایل کارڈن اور ٹاڈ ینگ لکھا ہے۔

خط میں چاروں سینیٹرز نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹرز نے صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مواصلاتی نظام کی بحالی، کرفیو اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کیلئے مودی سے ملاقات کریں۔

سینیٹرز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہونے والے انسانی المیے کے خاتمے کیلئے فوری ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خراب اور وہاں کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے لہٰذا ہم آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کا مطالبہ کریں اور ساتھ ہی کرفیو ، لاک ڈاؤن ختم کرنے اور گرفتار کشمیریوں کو رہا کرنے پر زور دیں۔

سینیٹرز کا کہنا تھا کہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان جاری اس مسئلے کو حل کرنے میں امریکا تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔