پی سی بی نے سری لنکا سے نیوٹرل وینیو پر سیریز کو خارج از امکان قرار دے دیا

پی سی بی نے سری لنکا سے نیوٹرل وینیو پر سیریز کو خارج از امکان قرار دے دیا

کراچی:پی سی بی نے سری لنکا سے نیوٹرل وینیو پر سیریز کو خارج از امکان قرار دے دیا۔سری لنکن کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ ہی پاکستان آنا ہے،اس حوالے سے حائل رکاوٹیں بظاہر ختم ہوتی دکھائی دے رہی تھیں۔

ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈز کا اعلان بھی کر دیا گیا لیکن پھر اچانک شام کو سری لنکن بورڈ کی ایک پریس ریلیز نے سارا منظرنامہ تبدیل کر دیا، اس میں درج تھا کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے بورڈ کو پاکستان ٹورمیں ٹیم کو لاحق سنگین خطرے سے متعلق قابل بھروسہ اطلاع ملی ہے، لہذا اب سیکیورٹی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور اس ضمن میں حکومت سے مدد بھی مانگیں گے۔

حالیہ پیش رفت نے پی سی بی حکام کو سخت پریشان کردیا، وہ سیریز کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے تھے کہ اچانک انعقاد ہی خطرے میں پڑگیا، بورڈ نے بدھ اور پھر جمعرات کو اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور اعلی حکومتی شخصیات کو بھی آگاہ کر دیا ہے،ون ڈے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی ٹوئنٹی قائد لیستھ مالنگا سمیت10صف اول کے سری لنکن کرکٹرز پہلے ہی دورے سے دستبردار ہو چکے جس پربورڈ کو دوسرے درجے کی ٹیموں کا انتخاب کرنا پڑا۔

پی سی بی آئندہ برس پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے کا فیصلہ کر چکا، بنگلہ دیش سے ہوم سیریز بھی شیڈول ہے، ایسے میں اگر سری لنکا کی ٹیم نہ آئی تو یہ دونوں ایونٹس بھی متاثر ہو سکتے ہیں، اسی لیے حکام کی پوری کوشش ہے کہ آئی لینڈرز کو قائل کر لیا جائے، ایک آفیشل نے بتایا کہ ابھی تک سری لنکا نے ہمیں سیریز نہ ہونے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔