وفاق سندھ حکومت میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا، وزیر خارجہ

وفاق سندھ حکومت میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا، وزیر خارجہ
ایک، ایک سندھی انشاء اللہ پاکستان کا ساتھ دے، وزیر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کے اراکان اسمبلی سے کہتا ہوں آپ کے ذہن میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہئے۔ سندھ کے ماضی کے کردار کو سب تسلیم کرتے ہیں اور ہم صوبائی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فروغ نسیم نے اپنے بیان کی وضاحت کر دی ہے اور کہا ہے کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بڑی سنجیدگی اور دیانت داری سے بلاول سے کہتا ہوں کہ کسی کے دباؤ میں آ کر سندھو دیش کی باتیں نہ کریں۔ پیپلز پارٹی وفاق کی بات کرتی ہے اور چیئرمین بلاول کو سندھ کارڈ کی باتیں کرنا مناسب نہیں دیتا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک، ایک سندھی انشاء اللہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔ کیا مہاجروں نے پاکستان کے لیے ہجرت نہیں کی؟۔ کیا مہاجروں نے پاکستان بنانے کے لیے قربانیاں نہیں دیں اور اپنی جائیدادیں نہیں چھوڑیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق سندھ حکومت میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا۔ کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 58 ممالک نے پاکستان کے نقطہ نظر کو مانا اور یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کشمیر کے مسئلے کو پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے۔ دنیا دیکھے گی کہ 27 تاریخ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عمران خان کشمیر کی آواز پیش کریں گے۔

انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر آپ عدالت جانا چاہتے ہیں تو عدالت جائیں۔ تاثر گیا کہ پروڈکشن آرڈر کشمیر کے مسئلے پر فوقیت حاصل کر گیا۔ ہمیں آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا اور ہمیں ایک دوسرے کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔