اٹھاون ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے ،شاہ محمود قریشی

اٹھاون ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے ،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ اٹھاون ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے ،یورپی یونین کی طرف سے بھی مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے ، اب کشمیر پہلی دفعہ یورپین پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیر بحث آئے گا ،پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا ۔


جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے کشمیر سیل کا تیسرا باضابطہ اجلاس وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت، وزارت خارجہ میں ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سول و عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی وزیر خارجہ نے اجلاس کے شرکاءکو اپنے حالیہ دورہ جنیوا اور اس میں ہونے والی میٹنگز کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے اطمینان محسوس ہو رہا ہے کہ ہماری کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں ،دنیا نے جس طرح مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا وہ غیر معمولی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سول سوسائٹی، ہیومن رائٹس تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا نے ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اٹھاون ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور ہندوستان کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یورپی یونین کی طرف سے بھی مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے اور اب کشمیر پہلی دفعہ یورپین پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیر بحث آئے گا ۔ انہوںنے کہاکہ رواں ماہ ہونے والے، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے مظلوم انسانوں کے مقدمے کو دنیا بھر کے سامنے پیش کریں گے ۔

اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو سیکورٹی کونسل اور او آئی سی کے بعد دیگر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کیلئے قانونی اور آئینی پہلوو¿ں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے مظفرآباد میں ہندوستان سمیت دنیا بھر کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا ۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں چالیس روز سے محصور لاکھوں انسانوں پر جاری بدترین مظالم کو واضح طور پر دنیا بھر کے سامنے لانے کیلئے میڈیا کو بروئے کار لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیںشرکاءاجلاس نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے انسانوں پر جاری بھارتی مظالم پر، اقوام عالم کی توجہ مبذول کروانے پر وزیر خارجہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔