حمزہ شہباز کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ،ہسپتال منتقل کیا جائے ‘ مریم اورنگزیب

حمزہ شہباز کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ،ہسپتال منتقل کیا جائے ‘ مریم اورنگزیب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو علاج کےلئے فوری ہسپتال منتقل کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ گزشتہ تین روز سے شدید بخار میں مبتلا ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوری ہسپتال منتقل کیا جائے ۔حمزہ شہباز کے علاج کی تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں،علاج میں سستی یا لاپرواہی سے حمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے ،قوم اور پارٹی کارکنان سے حمزہ شہباز کی صحت کے لئے دعا کی اپیل ہے۔

یاد رہے کہ حمزہ شہباز نے ہفتہ کے روز والد سمیت فیملی کے دیگر افراد کے ساتھ بھی وقت گزارا اورممکنہ طور پر ان کے خاندان والوں کا کورونا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز کے ترجمان عمران گورائیہ نے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود ہسپتال منتقل نہ کرنا فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سن لو حمزہ شہباز تمہاری انتقامی کارروائیوں سے ڈرنے والا نہیں ،وہ بہادر باپ کابہادر بیٹا ہے، حمزہ شہباز صرف شہباز شریف کابیٹے ہونے کی وجہ سے بے گناہ سزا بھگت رہاہے، حمزہ شہباز کو فوری ہسپتال منتقل کیاجائے، سب کارکنوں سے اپیل ہے کہ حمزہ شہباز کی صحت یابی کےلئے دعا کریں۔