پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 67 افراد جان کی بازی ہار گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 67 افراد جان کی بازی ہار گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں  اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 67 افراد اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 2 ہزار 988 نئے مریض بھی سامنے آئے ہیں۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک مجموعی طور پر 26 ہزار 787 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 7 ہزار 508 تک پہنچ چکی ہے۔ 
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 90 ہزار 545 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 5 ہزار 66 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 10 لاکھ 90 ہزار 176 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 53 ہزار 158 ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 1 کروڑ 85 لاکھ 21 ہزار 728 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 6 کروڑ 73 لاکھ 42 ہزار 288 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں اور 2 کروڑ 16 لاکھ 13 ہزار 626 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک ایک لاکھ 2 ہزار 863 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 889 افراد عالمگیر موذی وباءکے سامنے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 68 ہزار 748 تک جا پہنچی ہے جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار 225 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
این سی او سی کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں میں سب سے زیادہ 4 لاکھ 45 ہزار 369 ہو چکی ہے اور مجموعی اموات 7 ہزار 159 تک جا پہنچی ہیں جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 14 ہزار 390 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 225 تک جا پہنچی ہے۔ 
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 33 ہزار 379 مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور 721 مریض وفات پا چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے 32 ہزار 591 مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور صوبے میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 342 ہے۔