گرین شرٹس مضبوط ٹیم، امید ہے کہ اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے: میٹ ہینری

گرین شرٹس مضبوط ٹیم، امید ہے کہ اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے: میٹ ہینری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر میٹ ہینری نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستانی کنڈیشنز بیٹنگ کیساتھ ساتھ فاسٹ باؤلنگ کیلئے بھی سازگار ہوں گی اور ان کا ماننا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر گرین شرٹس مشکل حریف ثابت ہوں گے۔
دورہ پاکستان پر موجودہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل فاسٹ باؤلر میٹ ہینری نے وفاقی دارالحکومت سے ورچوئل پریس کانفرنس میں دورہ بنگلہ دیش سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کنڈیشنز مختلف اور مشکل تھیں مگر اس کے باوجود ہماری ٹیم نے ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے کارکردگی دکھانے کی کوشش کی جس میں کچھ حد تک کامیابی بھی ملی، امید ہے کہ پاکستان میں وکٹیں بیٹنگ کیلئے زیادہ بہتر ہونے کیساتھ ساتھ فاسٹ باؤلرز کیلئے بھی مددگار ہوں گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ایک طویل عرصے تک اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنے پر مجبو ر رہا لیکن اب یہاں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ چکی ہے جو بہت خوش آئند بات ہے اور ہمیں بخوبی اندازہ ہے کہ یہاں ایک مضبوط ٹیم کا سامنا کرنا ہو گا، گرین شرٹس اپنی کنڈیشنز سے اچھی طرح آگاہ اور ہمارے لئے سخت چیلنج ثابت ہوں گے۔
میٹ ہینری نے کہا کہ میچز کے دوران تماشائیوں کی سٹیڈیم میں موجودگی بھی کھلاڑیوں کیلئے بہت حوصلہ افزاءہو گی، ورلڈ کپ 2019ءکے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے دوران سٹیڈیم میں پاکستانی سپورٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی جس کے باعث ایک اچھے ماحول میں کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے تھے اور امید ہے کہ یہاں بھی سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔