پاکستانیوں کو جلد عمرہ ادائیگی کی اجازت مل جائے گی: وفاقی وزیر مذہبی امور

پاکستانیوں کو جلد عمرہ ادائیگی کی اجازت مل جائے گی: وفاقی وزیر مذہبی امور

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امورپیرنورالحق قادری نے کہاہے کہ پاکستانیوں کو عمرہ کی ادائیگی کیلئے جلد از جلد سعودی عرب جانے کی اجازت دلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی کامیابی ملے گی۔ 
وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے ٹیکسلا واہ کینٹ میں غلاف کعبہ و دیگر تبرکات مدینہ منورہ کی نمائش کی تقریب میں شرکت کی جس دوران عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، غلاف کعبہ اور موئے مبارک کے ساتھ نعلین مبارک، روضہ مبارک کے اندرصفائی کیلئے استعمال کئے جانے والے چھوٹے جھاڑو کی زیارت بھی کی۔ 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیر نورالحق قادری نے کہا کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے مرحلہ وار تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور قوی امید ہے کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں تک پاکستان کیلئے خصوصی اجازت نامہ جاری کر دیا جائے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ایران عراق کیلئے”زیارت پالیسی”ہوائی سفرکے ساتھ بائی روڈ ویزہ جاری کرنے کی بھی تمام ترحکمت عملی طے کرلی گئی ہے اور وفاقی کابینہ میں بھی ایران عراق جانے والے زائرین کوہرطرح کی سہولیات اورتحفظ فراہم کرنے سے متعلق انتظامات کی منظوری دے رکھی ہے مگر کورونا کے باعث معاملات روکے ہوئے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ایران اورعراق کی حکومتوں کی جانب سے کوروناکی وجہ سے پابندیاں عائد ہیں جن کے اٹھنے کا انتظار کر رہے ہیں اور جیسے ہی پابندیاں ختم ہوں گی 
ان کے اٹھنے کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے تحریری معاہدات مکمل کرکے زیارات کیلیے جانے والوں کو بلاتاخیر ویزے جاری کردیئے جائیں گے۔