رمیز راجہ پی سی بی کے ’راجہ‘ بن گئے

رمیز راجہ پی سی بی کے ’راجہ‘ بن گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 36 ویں چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں جو آج سوا 2 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کے انتخاب کیلئے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں گورننگ بورڈ کے ممبران عاصم واجد جواد، عالیہ ظفر، اسد علی خان شریک ہوئے جبکہ ان کے علاوہ عارف سعید، جاوید قریشی، رمیز راجہ اور وسیم خان بھی خصوصی اجلاس میں شریک تھے۔ 
گورننگ بورڈ کا اجلاس تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے کے بعد ختم ہوا جس دوران رمیز راجہ کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے اور یوں رمیز راجہ بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہو گئے، رمیز راجہ، احسان مانی کی جگہ لیں گے جن کی گزشتہ ماہ تین سالہ مدت پوری ہوگئی تھی۔

اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ایک تاثر بن چکا ہے کہ کرکٹرز انتظام نہیں سنبھال سکتے۔ تاہم میرے آںے کے بعد مستقبل کی کرکٹ میں آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔ میں نے کمنٹری باکس کی آسان سیٹ چھوڑ کر ایک یہ چیلنج قبول کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچز مصباح الحق اور وقار یونس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں نے بڑی دیانتداری اور محنت سے کام کیا۔