چینی کمپنی نے اطالوی فٹبال کلب اے سی میلان خرید لیا

چینی کمپنی نے اطالوی فٹبال کلب اے سی میلان خرید لیا

بیجنگ: چین کے تاجر نے مشہور اطالوی کلب اے سی میلان کو خرید لیا ہے جس کے ساتھ ہی سلویو برلسکونی کی کلب پر 31 سالہ ملکیت کا اختتام ہو گیا۔

چینی تاجر یونگ ہونگ لی کی زیر قیادت کام کرنے والا گروہ کافی عرصے سے فٹبال کلب کو خریدنے کی تگ و دو میں مصروف تھا تاہم اس سلسلے میں ڈیل کئی مرتبہ تعطل کا شکار ہوئی اور دو مرتبہ کلب کی خریداری کو ملتوی کردیا گیا تھا۔یونگ ہونگ لی نے کہا کہ میں برلسکونی اور فنن ویسٹ کی جانب سے اعتماد کرنے اور شائقین کے صبر و تحمل پر ان کا شکر ادا کرتا ہوں اور آج سے ہم کلب کے مستقبل کی تعمیر پر کام کریں گے۔

برلسکونی کی ہولڈنگ کمپنی فنن ویسٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے میلان سے روزونیری اسپورٹ لگزمبرگ کو 99.93 فیصد حصص ملکیت منتقل کردی۔اس ڈیل کے تحت کلب کی مالیت 800 ملین ڈالر ہے اور کلب کی بہتری کیلئے سرمایہ کاروں کو اگلے تین سال کے دوران 372ملین ڈالر خرچ کرنے ہوں گے۔

کمپنی کی ایک میٹنگ ہو گی جس میں نئے صدر اور ڈائریکٹر کا اعلان کیا جائے گا اور سلسلے میں متوقع طور پر پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔نئے مالک کے زیر انتظام کلب کا پہلا میچ ہفتے کو انٹر میلان سے ہو گا۔برلسکونی کے دور میں اے سی میلان نے کئی بڑی ٹرافیاں جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اے سی میلان نے 31 سال کے دوران پانچ مرتبہ چیمپیئنز لیگ، پانچ مرتبہ یوئیفا سپر کپ، آٹھ لیگ ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ تاہم ماضی میں دنیا کے بڑے کلبوں میں سے ایک شمار کیے جانے والا اے سی میلان حالیہ دنوں میں تنزلی کا شکار ہوا اور اس وقت اٹالین سیریز اے میں چھٹے نمبر پر ہے۔