طبی ماہرین نے جگر کے جان لیوا امراض سے بچاو میں مددگار غذا بتا دی

طبی ماہرین نے جگر کے جان لیوا امراض سے بچاو میں مددگار غذا بتا دی
کیپشن: image by news.nnlm.gov

اسلام آباد : جگر کے جان لیوا امراض کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو پھلوں، سبزیوں، دہی، مچھلی، گریوں وغیرہ پر مشتمل غذا کو اپنالیں , یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق کے مطابق سبزیوں، دودھ سے بنی مصنوعات، پھلوں، مچھلی، گریاں اور زیتون کے تیل پر مشتمل غذا کا زیادہ استعمال صلابت جگر یا اس عضو کے سکڑنے جیسے جان لیوا مرض کا خطرہ کم کرتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جگر کے اس مرض کے نتیجے میں ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں اموات ہوتی ہیں حالانکہ اس سے بچنا بہت آسان ہے۔تحقیق کے مطابق صلابت جگر کے اس مرض کے حوالے سے معدے میں موجود بیکٹریا اہم کردار ادا کرتا ہے اور غذا کے ذریعے اسے بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ غذا معدے میں بیکٹریا کے اجتماع کے لیے اہم عنصر ہے۔اس تحقیق کے دوران محققین نے رضاکاروں کے 3 گروپس کی خدمات حاصل کیں، جن میں سے ایک صحت مند افراد، ایک جگر کے مرض کے سابق شکار اور آخری گروپ مریضوں کا تھا۔

ان تمام افراد کو غذائی تجزیے سے گزارا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ جگر کے امراض کے شکار افراد میں معدے کے بیکٹریا غذا پر ردعمل ظاہر کرتا ہے۔محققین نے بتایا کہ یہ پہلی تحقیق ہے کہ جس میں غذا، معدے کے بیکٹریا کے تنوع اور جگر کے امراض کے درمیان تعلق کی تصدیق کی گئی ہے۔اس تحقیق کے نتائج انٹرنیشنل لیور کانگریس 2018 میں پیش کیے جائیں گے۔