ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج کی نشاندہی پر 9 ملزمان گرفتار

ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج کی نشاندہی پر 9 ملزمان گرفتار
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق سیکٹر انچارج رئیس ماما کی نشاندہی پر کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 9 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ایم کیو ایم کے کورنگی کے سابق سیکٹر انچارج رئیس ماما کی نشاندہی پر کورنگی 1،2،4 اور لانڈھی میں چھاپے مارے اور 9 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے

ذرائع کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور چائنا کٹنگ میں ملوث ہیں۔ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ رئیس ماما پولیس کی بس پر فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے درجنوں واقعات میں انتہائی مطلوب تھا جسے ریڈ وارنٹ کے تحت انٹرپول نے ملائیشیا سے گرفتار کیا تھا اور بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گذشتہ ماہ 27 مارچ کو اسے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان کے شبیر قائم خانی کا پی ایس پی میں شمولیت کا فیصلہ

دوسری جانب ایس پی اورنگی عابد علی بلوچ کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے 7 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی مولانا عبدالرحیم موقع سے فرار ہو گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اقبال مارکیٹ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کی اور 3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔

‎ڈیفنس،د رخشاں میں بھی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم سمیع اللہ اور عبداللطیف کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 پستول، 4 موبائل اور موٹرسائیکل برآمد کی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں