شہباز شریف کی گورنر سندھ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

شہباز شریف کی گورنر سندھ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

فوٹو گریب نیو نیوز

کراچی: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں وہ ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کراچی پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ گورنر ہاؤس روانہ ہو گئے۔

گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ محمد زبیر نے شہباز شریف کو خوش آمدید کہا اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے گورنر ہاؤس میں ناشتہ کیا جس کے بعد ان کی گورنر محمد زبیر سے ملاقات ہوئی جس میں ملک خصوصاً سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج کی نشاندہی پر 9 ملزمان گرفتار

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی ایجنڈے کا ویژن رکھتی ہے اور اللہ نے موقع دیا تو سندھ کے تمام شہروں کی حالت بدل دیں گے کیونکہ ترقی سندھ کے شہریوں کا بھی حق ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ امن وامان اور توانائی کی صورتحال میں بہتری وفاقی حکومت کی انتھک کاوشوں کا ثمر ہے اور پنجاب میں عوام کی فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبے قابل تقلید ہیں۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیدیا

شہباز شریف اپنے ایک روزہ دورے میں مسلم لیگ (ن) سندھ اور کراچی کے عہدیداران سے ملاقات کریں گے جب کہ وہ بلدیاتی نمائندوں اور اقلیتی پارٹی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔

شہباز شریف سے مسلم لیگی خواتین اور یوتھ ونگ کے رہنماؤں سمیت وکلا اور بزنس کمیونٹی کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ملاقات کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پریس کانفرنس کا بھی امکان ہے جس میں وہ میڈیا کو دورہ کراچی سے آگاہ کریں گے۔

 

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں