ترقی کرنی ہے تو قوم کے ووٹ کو عزت دینی ہوگی: احسن اقبال

ترقی کرنی ہے تو قوم کے ووٹ کو عزت دینی ہوگی: احسن اقبال
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

شکر گڑھ: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، اگر ترقی کرنی ہے تو قوم کے ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔

شکر گڑھ کے قصبہ نور کوٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ فوج بھی اپنی ہے عدلیہ بھی اپنی ہے سب ملکر ملک کو آئین کے مطابق مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں۔ ملک بھر میں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگ رہا ہے۔ کراچی سے پشاور تک نواز شریف کے چاہنے والے اپنے ووٹ کی عزت کے لئے کھڑے ہیں مسلم لیگ ن کے منصوبوں نے ملک کی حالت بدل دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے ووٹر میرے وجود کا حصہ ہیں 5 سال پہلے عوام نے نواز شریف کو وزیر اعظم بنایا، 5 سال پہلے 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی روشنی کیلئے موم بتیاں جلائی جاتی تھیں۔ دہشتگردی میں روزانہ 20 سے 30 افراد جاں بحق ہوتے تھے۔ آج بجلی موجود ہے اس کو تبدیلی کہتے ہیں دہشتگردوں کو آگے لگا رکھا ہے اس کو تبدیلی کہتے ہیں۔ دنیا پاکستان کو تیزی سے ابھرتی معشیت قرار دیتی ہے تبدیلی عوام کی خدمت کر کے آتی ہے پگڑیاں اچھالنے سے تبدیلی نہیں آتی۔ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے ترقی کے لئے امن اور استحکام لازم ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ قوم کے نمائندوں کو گھر بھیج دیا جاتا ہے زرداری کو ملک برباد کرنے کے لئے 5 سال حکومت دی جاتی ہے۔ جلسے میں نوجوان لوٹے اٹھا کر ن لیگ چھوڑنے والوں کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔