کراچی کے تاجروں کا کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان

کراچی کے تاجروں کا کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان
کیپشن: چھوٹے تاجر اور ان کے ملازم فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں، جمیل پراچہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی کی مختلف تاجر تنظیموں نے کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ نے کہا کہ 28 دن سے کراچی بند ہے اور لوگ سسک رہے ہیں، کراچی سے کشمور تک کا تاجر بدحال ہو چکا ہے، چھوٹے تاجر اوران کے ملازم فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں ملازمین کو ایک ماہ کی بمشکل تنخواہیں ادا کی ہیں اور کل سے تمام حفاظتی انتظامات کےساتھ دکانیں کھول دیں گے۔

جمیل پراچہ کا کہنا تھاکہ دوسرا آپشن یہ ہے کہ اہل خانہ کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ جائیں اور دکانوں کی چابیاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرا دیں گے، ہم نے پہلے اعلان کیا لیکن وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے کوئی رابطہ نہیں کیا لہٰذا تمام تر صورتحال کے ذمہ دار وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس ہیں۔

دوسری جانب تاجر رہنما رضوان عرفان نے کہا کہ  اب مزید لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتے، کل سے ہم اپنا کاروبار کھول لیں گے اور ہم حفاظتی اقدامات کے ساتھ کاروبار کھول لیں گے۔

انہوں نے  کہا کہ حکومت کے فیصلے کا احترام کیا اور ہم نے ساتھ دیا لیکن لاکھوں لوگ ہمارے پاس ملازم ہیں جنہیں ایک ماہ کی تنخواہ دے دی۔