ہدایتکار وڈائریکٹر ایس سلیمان انتقال کرگئے

ہدایتکار وڈائریکٹر ایس سلیمان انتقال کرگئے
سورس:   file photo

لاہور، پاکستان فلم انڈسٹری کا بڑانام سینئر ہدایتکار اورپروڈیوسر ایس سلیمان انتقال کرگئے ۔ ایس سلیمان کئی سال سے شوگر فالج اورگردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ 

ان کی اہلیہ زریں پنا نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کہ چند روز قبل ان کی طبعیت نمونیا کے باعث زیادہ خراب ہوئی تو ان کو لاہور کے نجی ہسپتال میں لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج انتقال کرگئے ۔ 

معروف ہدایتکار اورفلمساز ایس سلیمان کی نماز جنازہ اور تدفین ان کے  بچوں کی امریکا سے وطن واپسی پر جمعہ کے روزہوگی۔

ایس سلیمان کے مشہور فلموں میں اناڑی، زینت، باجی، اف یہ بیویاں، محبت، آگ، جیسے جانتے نہیں، لوری، تیری صورت، میری آنکھیں ،ویری گڈدنیا ویری بیڈلوگ، انسانیت سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ  فلم ڈائریکٹر ایس سلیمان ماضی کے اداکارسنتوش کمار اور درپن کے چھوٹے بھائی تھے۔