بابراعظم اور محمد رضوان نے بڑا ریکارڈ بنا دیا

بابراعظم اور محمد رضوان نے بڑا ریکارڈ بنا دیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سینچورین: جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی بابر اعظم اور محمد رضوان نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے اور مختصر فارمیٹ میں سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ بنانے والی پاکستانی جوڑی بن گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سپرسپورٹس پارک سینچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 200 رنز کا ہندسہ عبور کیا اور یوں ٹی 20کی تاریخ پاکستان کے خلاف دوسری مرتبہ 200 رنز کا ہندسہ عبور ہوا اور جنوبی افریقہ ایسا کرنے والی پہلی غیر ایشیائی ٹیم بھی بن گئی۔ 

گرین شرٹس کیلئے جنوبی افریقی کنڈیشنز میں 200 رنز کا مجموعہ تھا جسے عبور کرنا قطعاً آسان نہیں تھا لیکن لیکن بابر اعظم اور محمد رضوان نے جم کر مقابلہ کرتے ہوئے فتح اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی، دونوں نے مل کر 197 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جو پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔ 

اس سے قبل ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ احمد شہزاد اور محمد حفیظ کے پاس تھا جنہوں نے زمبابوے کے خلاف اگست 2013ءمیں 143 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ بنائی تھی، یہی نہیں بلکہ کپتان اور وکٹ کیپر کی یہ پارٹنر شپ دوسری اننگز میں عالمی ریکارڈ پارٹنر شپ بھی ہے۔ 

اس سے قبل ٹی 20 میچ کی دوسری اننگز کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کے پاس تھا جنہوں نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 171 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ بنائی تھی۔ اس فہرست میں جوس بٹلر اور ڈیوڈ ملان تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 167 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ قائم کی تھی۔