پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے حلقہ بندیوں کے اقدام کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے حلقہ بندیوں کے اقدام کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ملک بھر میں دوبارہ حلقہ بندیوں کے اقدام کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے ملک بھر میں دوبارہ حلقہ بندیوں کے اقدام کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی حلقہ بندیاں صرف اس صورت میں ممکن ہوتی ہیں جب نئی مردم شماری ہو، مردم شماری کے بغیر حلقہ بندیاں آئین کی سنگین خلاف ورزی ہو گی۔ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کو متنازعہ بنانے کے مشن پر ہے۔‘ 

f97fdc41fed97880f7cc113a5cf7e546

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملک میں انتخابات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کا موقف ہے کہ اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری یہ بیان دے چکے ہیں کہ عام انتخابات سے قبل الیکشن اصلاحات بھی ضروری ہیں۔ 
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کم از کم سات ماہ سے قبل نہیں ہو سکتے کیونکہ صرف انتخابی حد بندیوں کیلئے اضافی چار ماہ درکار ہیں اور جب تک نئی حد بندیاں نہ ہوں، انتخابات صاف اور شفاف نہیں ہو سکتے۔ 
ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن منظور اختر کے مطابق آئین کے آرٹیکل 51(5) اور الیکشن قوانین 2017ءکے سیکشن 17 کے مطابق نئی حلقہ بندیاں آبادی کی اس آخری مردم شماری کی بنیاد پر کی جاتی ہیں جو سرکاری طور پر شائع ہو چکی ہوں جبکہ 2017ءمیں ہونے والی چھٹی مردم شماری کے عبوری نتائج جنوری 2018ءمیں شائع کئے گئے تھے۔ 

مصنف کے بارے میں