پاکستان پرامن ترقی اور بقائے باہمی کے راستے پر گامزن ہے، وانگ یانگ

پاکستان پرامن ترقی اور بقائے باہمی کے راستے پر گامزن ہے، وانگ یانگ

اسلام آباد: کنونشن سینٹر میں 70ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پربہت خوشی ہے جبکہ  آج پورے پاکستان کیلئے جشن کا دن ہے اور آج کے دن 20 کروڑ پاکستانیوں کی خوشی میں برابر کا شریک ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا پاکستانی عوام نے 70 سال کے دوران جدوجہد کر کے ملک کا تحفظ یقینی بنایا اور محنتی پاکستانی عوام نے کم وسائل کے باوجود ملک کی ترقی کیلئے محنت کی۔


وانگ یانگ نے اپنے خطاب میں مزید کہا پاکستان پر امن ترقی اورپر امن بقائے باہمی کے راستے پر گامزن ہے۔ پاکستان نے محنت کر کے خودمختاری اور دفاع کو مضبوط بنایا جبکہ چین اور پاکستان ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور دونوں ملک ہر معاملے میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاک چین تعلقات آزمائشوں پر پورے اترے ہیں اور پاکستان نے مختلف عالمی فورمز پر اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ چین میں زلزلہ زدگان کی مدد اور اقوام متحدہ میں پاکستان کا تعاون نہیں بھول سکتے۔ چین پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے جبکہ چین پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو بھی اہمیت دیتا ہے۔

چین کے نائب وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور چین کی حسن عمل کی دوستی نسل در نسل چلتی رہے گی جبکہ چین ہمیشہ پاکستان کا اچھا ہمسایہ اور اچھا بھائی رہے گا۔

تقریب میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی جبکہ مختلف ممالک کے سفیروں اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں